اہم خبریںپاکستانخیبر پختونخوا

پاک افغان طورخم بارڈر پر دو طرفہ فائرنگ، ایک جاں بحق، متعدد زخمی

گزشتہ دس دن سے طورخم بارڈر پر حالات کشیدہ ہیں اور سرحدی گزرگاہ پیدل آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بند رہی

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں واقع پاک افغان طورخم بارڈر پر پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان شدید کشیدگی کے دوران دو طرفہ فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا جبکہ دو سویلین سمیت تین سیکورٹی فورسز کے جوان زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق، بھاری ہتھیاروں کی گرج دور تک سنائی دی اور فائرنگ سے متعدد شہری زخمی ہو گئے۔

صورتحال کے پیش نظر، باچہ مینہ کے مکین شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ بارش اور سرد موسم کے باوجود، شہریوں کو بے سروسامانی میں نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا۔ کئی افراد نے طورخم روڈ کے قریب ریلوے ٹنلز میں پناہ لے لی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، گزشتہ دس دن سے طورخم بارڈر پر حالات کشیدہ ہیں اور سرحدی گزرگاہ پیدل آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بند رہی۔ گزشتہ روز دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور بارڈر کھولنے کے لیے مذاکرات ہوئے تھے، جس میں دونوں فریقوں نے اپنے مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچانے اور مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم، اچانک فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد صورتحال مزید خراب ہو گئی۔

فائرنگ کے دوران، باچہ مینہ کے رہائشیوں کو گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔ خواتین اور بچے لنڈی کوتل منتقل ہو گئے۔ گزشتہ دس دن سے بند بارڈر پر پھنسے ڈرائیورز اور مسافروں کی بھاگ دوڑ کے دوران ایک شہری دل کے دورے سے جاں بحق ہو گیا، جبکہ متعدد افراد معمولی زخمی ہوئے۔

لنڈی کوتل ہسپتال کے مطابق، زخمیوں میں جوان شاکر خان ولد افتخار شامل ہیں، جنہیں ہاتھ اور پاؤں پر چوٹیں آئی ہیں۔ انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی بھگدڑ میں حیات شیر نامی شخص حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گیا۔

فی الحال، طورخم بارڈر پر حالات معمول پر نہیں ہیں اور دونوں جانب سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ حکام صورتحال پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

ایڈیٹر

دی ناردرن پوسٹ پاکستان ایک ڈییجٹل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو خاص کر شمالی پاکستان کی رپورٹنگ اور تحقیقاتی سٹوریز آپ تک لانے کیلئے کوشاں ہے۔ انسانی حقوق، ماحولیات، تعلیم، سماجی مسائل پر خصوصی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ More »

متعلقہ تحریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button