گلگت کے گاؤں میں دو گروپوں کے درمیان تصادم، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی
گلگت کے چھموگڑھ میں پرتشدد جھڑپ: ایک ہلاکت، تین زخمی، سیکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی سے حالات قابو

گلگت کے نواحی علاقے چھموگڑھ میں دو گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سیکیورٹی اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ میں پتھراؤ اور فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے دوران ایک زخمی شخص دورانِ علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔ سیکیورٹی اداروں کی بروقت مداخلت سے حالات قابو میں آ گئے ہیں اور علاقے میں فی الحال امن و امان کی صورتحال معمول پر ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیامِ امن کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور افواہوں پر
کان نہ دھریں۔ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے باز رہیں تاکہ معاشرتی ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بٹگرام میں زمینی تنازعے پر خونریز تصادم، 4 افراد جاں بحق، 5 زخمی