ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ کوششوں سے سوات اور ملاکنڈ میں جنگلات کی آگ پر قابو پا لیا
دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں 9 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد قیمتی جنگلات کو بڑے نقصان سے بچایا گیا

ریسکیو 1122 کے جوانوں نے سوات اور ملاکنڈ کے پہاڑی علاقوں میں جنگلات کی آگ پر قابو پانے کے لیے انتھک محنت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ غالیگے کرم تنگے (سوات) اور قالدرہ (درگئی، ملاکنڈ) کے دشوار گزار پہاڑی سلسلوں میں اچانک بھڑک اٹھنے والی آگ کو کنٹرول کرنے کے لیے ریسکیو ٹیموں نے پیدل چڑھائی کرکے جائے وقوعہ تک رسائی حاصل کی اور مسلسل 9 گھنٹے تک کام کرکے آگ بجھائی۔
سوات کے علاقے میں، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے محکمہ جنگلات، سول ڈیفنس اور مقامی کمیونٹی کے تعاون سے آگ کو ایک مخصوص علاقے تک محدود رکھا، جس سے قیمتی جنگلات کو بڑے نقصان سے بچایا گیا۔ اسی طرح، ملاکنڈ کے علاقہ قالدرہ میں سڑک نہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو کی گاڑیاں آگ تک نہ پہنچ سکیں، لیکن جوانوں نے پیدل سفر کرکے آگ بجھانے کا عمل جاری رکھا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملاکنڈ ناصر خان، اسسٹنٹ کمشنر درگئی اور ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آپریشن کی نگرانی کی۔ ریسکیو 1122 نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلات کو آگ لگانے یا نقصان پہنچانے سے گریز کریں، کیونکہ یہ قومی دولت ہیں اور ان کا تحفظ سب کی ذمہ داری ہے۔