مفتی منیر شاکر کی مسجد میں دھماکہ، مفتی منیر شاکر شہید ہو گئے
مفتی منیر شاکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے عہدے پر فائز ہو گئے

پشاور میں تھانہ ارمڑ کی حدود میں واقع ایک مسجد کی دیوار کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں مفتی منیر شاکر شدید زخمی ہو گئے اور بعد میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) میں ان کی وفات ہو گئی۔ دھماکے میں زخمی 3 دیگر افراد بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ترجمان ایل آر ایچ نے تصدیق کی کہ مفتی منیر شاکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے عہدے پر فائز ہو گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دیگر مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اس واقعے پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا، "مفتی منیر شاکر کی وفات پر انتہائی دکھ و افسوس ہوا۔ علماء کرام پر حملے انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہیں۔ معصوم جانوں کے قاتل انسانیت کے دشمن ہیں۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور امن دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔”
مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے بھی مفتی منیر شاکر کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "مفتی منیر شاکر کی شہادت کا سن کر شدید افسوس ہوا۔ وہ ایل آر ایچ میں ابتدائی علاج کے لیے لائے گئے تھے، لیکن زخموں کی شدت کے باعث وہ شہادت کے عہدے پر فائز ہو گئے۔”
یہ بھی پڑھیے: پشاور میں مفتی منیر شاکر کی مسجد میں دھماکہ، مفتی منیر سمیت 4 افراد زخمی