اہم خبریںخیبر پختونخوا
خیبرپختونخوا اسمبلی نے منشیات کے خلاف سخت اقدامات پر مبنی نیا بل منظور کر لیا
منشیات کی خرید و فروخت، اسمگلنگ اور کاروبار پر الگ الگ سزائیں مقرر، زیادہ سے زیادہ عمر قید اور لاکھوں روپے جرمانے کا اعلان
خیبرپختونخوا اسمبلی نے منشیات کے خلاف سخت اقدامات پر مبنی کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹانسز ترمیمی بل منظور کر لیا ہے۔
مذکورہ بل صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ انسداد منشیات خلیق الزماں نے پیش کیا، جس میں منشیات کی خرید و فروخت، کاروبار اور اسمگلنگ کے لیے الگ الگ سزاؤں کا تعین کیا گیا ہے۔
اس بل کے تحت منشیات کی مقدار اور نوعیت کے مطابق مختلف سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ بل میں شق نمبر 9 میں اہم ترمیم کی گئی ہے۔
بل کے مطابق، دس سے بیس کلو گرام ریکریشنل منشیات رکھنے پر چودہ سال قید کی سزا دی جائے گی، جبکہ بیس کلو گرام سے زائد مقدار پر زیادہ سے زیادہ عمر قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اسی طرح، ایک کلو گرام سے کم پوست رکھنے پر زیادہ سے زیادہ چار سال قید اور بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا مقرر کی گئی ہے، جبکہ اگر پوست کی مقدار پندرہ کلو گرام سے تجاوز کر جائے تو زیادہ سے زیادہ عمر قید اور تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جائے گی۔
چرس اور دیگر نشہ آور اشیاء کے حوالے سے بھی سخت سزائیں متعین کی گئی ہیں۔ بل کے مطابق، دس کلو گرام سے زائد چرس رکھنے پر زیادہ سے زیادہ عمر قید اور آٹھ لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے۔