محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور بینک آف خیبر کے درمیان صوبائی حکومت کے ہوم اسٹے ٹورازم پروگرام "میزبان” کے نفاذ کے لیے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈا پور تھے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے یہ منفرد منصوبہ ابتدائی طور پر صوبے کے سات اضلاع اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات میں شروع کیا جا رہا ہے جس کی ابتدائی لاگت 395 ملین روپے ہے۔
پروگرام کے تحت مقامی رہائشیوں کو بینک آف خیبر کے ذریعے 30 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ سیاحوں کو ان کے گھروں میں معیاری رہائشی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
یہ بھی پڑھیے: نارووال کی لڑکی کو کراکری کی دکان میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا
اہلیت کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے افراد موجودہ کمروں کی تزئین و آرائش کے لیے قرض حاصل کر سکیں گے یا اپنے گھر کے احاطے میں سیاحوں کو رہائش فراہم کرنے کے لیے دو نئے کمرے تعمیر کر سکیں گے۔
یہ کمرے باتھ روم اور کچن سمیت تمام ضروری سہولیات سے لیس ہوں گے۔ قرض کی واپسی کی مدت پانچ سال ہوگی، جس کی ادائیگی قرض کی تقسیم کے دوسرے سال سے شروع ہوگی۔