گلگت شہر کا سیوریج سسٹم بہتر بنانے کی جانب اہم قدم
گلگت شہر کے سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے سخت ہدایات، ڈی جی جی ڈی اے نے ٹھیکیداروں کو واضح وارننگ جاری کردی

گلگت: ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) اظہار اللہ کی زیر صدارت گلگت شہر کے سینیٹری سیوریج سسٹم کی بہتری کے منصوبے سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ نے منصوبے کی موجودہ صورتحال، پیش رفت اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ این ایل سی اور دیگر کنٹریکٹنگ کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
اظہار اللہ نے سختی سے ہدایت کی کہ "یہ عوامی مفاد کا اہم منصوبہ ہے جسے مقررہ وقت پر مکمل کرنا ہوگا۔ کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی”۔ انہوں نے منصوبے کے معیار اور رفتار دونوں کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ہر سطح پر مؤثر نگرانی کی جائے اور باقاعدہ رپورٹس فراہم کی جائیں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ "کام کی رفتار بڑھانے کیلئے آئندہ ماہانہ ہدف مقرر کیا جائے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر نگرانی ہوگی اور ہفتہ وار رپورٹس تیار کی جائیں گی تاکہ کسی بھی تاخیر کو فوری طور پر نشاندہی کرکے اس کا تدارک کیا جا سکے”۔ ڈی جی جی ڈی اے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معیار کے ساتھ ساتھ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔