ضلع تورغر میں دریائے سندھ پر چیئر لفٹ کا رسہ ٹوٹ گیا، 6 افراد دریا کے اوپر پھنس گئے
ریسکیو 1122 اور مقامی انتظامیہ کی فوری کارروائی جاری، وزیر اعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لے لیا

ضلع تورغر کے علاقے کوٹلی نصرت خیل میں دریائے سندھ کے اوپر چلنے والی چیئر لفٹ کا رسہ ٹوٹ جانے سے 6 افراد دریا کے عین وسط میں پھنس گئے۔ یہ واقعہ شانگلہ اور دیدل کماچ کے درمیان رابطے والی لفٹ میں پیش آیا، جس میں سوار افراد تورغر سے دیدل کماچ جا رہے تھے۔
کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ٹیم ایمبولینس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد نے مشترکہ طور پر پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کا آپریشن شروع کر دیا۔ ڈسٹرکٹ کمشنر تورغر صفدر اعظم قریشی نے تصدیق کی کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکال لیا جائے گا۔
یہ ہزارہ ڈویژن میں دوسرا افسوسناک واقعہ ہے، جبکہ کچھ عرصہ قبل الائی پاشتو میں بھی اسی طرح کی ایک حادثہ پیش آیا تھا۔ ممبر صوبائی اسمبلی لائق محمد خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو واقعے سے آگاہ کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
حکومت خیبر پختونخوا نے صورتحال پر مسلسل نظر رکھتے ہوئے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے ہیں۔ اب تک پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں اور انتظامیہ نے ان کے بحفاظت واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بھارت کے خلاف سخت سفارتی اور معاشی اقدامات کا اعلان کر دیا