اہم خبریںپاکستان

پاکستان نے بھارت کے خلاف سخت سفارتی اور معاشی اقدامات کا اعلان کر دیا

قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس، بھارتی ویزے منسوخ، فضائی حدود بند، تجارتی روابط معطل اور ملٹری اتاشیوں کو ملک چھوڑنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اہم اجلاس ہوا، جس میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے اور 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بھارت کے خلاف سخت سفارتی، معاشی اور سلامتی اقدامات کا اعلان کیا گیا۔

این ایس سی نے فیصلہ کیا کہ سکھ یاتریوں کے علاوہ ویزہ اسکیم کے تحت جاری تمام بھارتی ویزے منسوخ کر دیے جائیں گے اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی دفاعی، فضائی اور بحری مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

پاکستان نے بھارتی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود فوری طور پر بند کر دی، جبکہ واہگہ بارڈر کو بھی مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔ تمام سرحدی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔

معاشی محاذ پر این ایس سی نے بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کسی بھی دوسرے ملک کو بھارت کے ساتھ تجارت کے لیے پاکستانی زمینی یا فضائی راستے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سفارتی سطح پر بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کو 30 افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ این ایس سی نے واضح کیا کہ پاکستان شملہ معاہدے سمیت تمام دوطرفہ معاہدوں کو معطل کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اجلاس میں مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ائیر چیف اور نیول چیف کے علاوہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: اے این پی کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس نے خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل 2025 کو مسترد کر دیا

ایڈیٹر

دی ناردرن پوسٹ پاکستان ایک ڈییجٹل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو خاص کر شمالی پاکستان کی رپورٹنگ اور تحقیقاتی سٹوریز آپ تک لانے کیلئے کوشاں ہے۔ انسانی حقوق، ماحولیات، تعلیم، سماجی مسائل پر خصوصی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ More »

متعلقہ تحریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button