اسلام آباد میں نجی سیکورٹی کمپنیوں اور گارڈز کی انسپکشن کے دوران متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔ کم از کم 37 ہزار ماہانہ تنخواہ نہ دینے پر ایک نجی سیکورٹی کمپنی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جبکہ کمپنی کے مینیجر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بلیو ایریا میں نجی دفاتر کے باہر کھڑے سیکورٹی گارڈز کی بھی انسپکشن کی گئی جس کے دوران بغیر لائسنس اسلحہ استعمال کرنے والے گارڈز کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی سی اسلام آباد نے تمام سیکورٹی کمپنیز کی انسپکشن کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی کمپنیز تربیت یافتہ افراد کو ہی بطور گارڈ رکھیں۔ ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے ہدایت کی ہے کہ سیکورٹی کمپنیز گارڈز کے اسلحہ لائسنس کی بروقت تجدید کروائیں۔
انہوں نے یہ بھی تاکید کی کہ گارڈز کی کم از کم اجرت 37 ہزار روپے ماہانہ کو یقینی بنایا جائے۔ انسپکشن کے دوران سامنے آنے والی خلاف ورزیوں کے بعد انتظامیہ نے تمام نجی سیکورٹی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ارتھ ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں شجرکاری مہم کا آغاز، دس لاکھ درخت لگانے کا ہدف