خیبرپختونخوا میں 15 سے 19 مئی تک شدید گرمی کی پیش گوئی
پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں 15 سے 19 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
ادارے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ گرم اور خشک موسم کے باعث ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ کسانوں کو فصلوں کے لیے پانی کے مناسب انتظام کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سورج کی تیز روشنی میں نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بزرگ اور بچے صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک براہ راست دھوپ میں نہ نکلیں۔
ادارے نے ہیلتھ سروسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کو الرٹ رہنے کے ساتھ ساتھ ہیٹ اسٹروک سینٹرز کو فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ مویشیوں اور پالتو جانوروں کا خاص خیال رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو سفر سے قبل گاڑی کے انجن میں پانی اور ٹائروں کے پریشر کو چیک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔
19 تا 20 مئی کو مغربی سسٹم کے صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے سے بارش اور ژالہ باری کے امکانات بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت کے گاؤں ڈموٹ سئی میں 48 گھنٹوں سے بجلی بند، عوام شدید مشکلات کا شکار