لوئر چترال میں جنگلی آگ پر ریسکیو 1122 نے قابو پا لیا
تیز ہواؤں کے باوجود فائر فائٹرز اور مقامی افراد کے مشترکہ کوششوں سے ڈیڑھ گھنٹے میں آگ بجھائی گئی

لوئر چترال کے علاقے دروش گودام کے قریب دریائے چترال سے متصل جنگلی جھاڑیوں میں آگ لگ گئی، جسے ریسکیو 1122 کی فائر فائٹرز ٹیم نے مقامی انتظامیہ اور عوام کے تعاون سے ڈیڑھ گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد مکمل طور پر بجھا دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر فائٹرز ٹیم فائر وہیکلز کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔ تیز ہواؤں کے باعث آگ پر قابو پانے میں ابتدائی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ریسکیو 1122 کے عملے نے فارسٹ ڈیپارٹمنٹ، چترال لیویز اور مقامی افراد کے اشتراک سے آگ بجھانے میں کامیابی حاصل کی۔
اس آپریشن میں ریسکیو 1122 کے 5 فائر فائٹرز نے حصہ لیا اور تقریباً 7 ہزار لیٹر پانی استعمال کیا گیا۔ ریسکیو 1122 لوئر چترال کے میڈیا کوآرڈینیٹر نے عوام کو یاد دلایا کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ٹول فری نمبر 1122 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ریسکیو 1122 کا عملہ پورے ضلع میں 24 گھنٹے ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کے لیے مستعد ہے۔