دیامر میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقاص احمد کا بچیوں کی تعلیم کے لیے تاریخی اقدام
چلاس سے تعلق رکھنے والے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایان انٹرپرائزز، وقاص احمد نے 32 بچیوں کی تعلیم کا مکمل خرچہ اپنے ذمے لے لیا

دیامر کی تاریخ میں پہلی بار ایک نوجوان نے خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ چلاس سے تعلق رکھنے والے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایان انٹرپرائزز، وقاص احمد نے 32 بچیوں کی تعلیم کا مکمل خرچہ اپنے ذمے لے کر ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے۔
وقاص احمد ایک تعلیم دوست شخصیت ہیں، جو دیامر میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر کسی بھی والدین کو اپنی بچیوں کی تعلیم کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو تو وہ ان سے بلا جھجک رابطہ کریں۔ وہ ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے تاکہ دیامر کی بیٹیاں بھی تعلیم کی روشنی سے منور ہو سکیں۔
دیامر جیسے علاقے میں جہاں لڑکیوں کی تعلیم کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، وقاص احمد کا یہ اقدام نہ صرف ایک انقلابی قدم ہے بلکہ مستقبل میں تعلیم کے دروازے کھولنے کا ذریعہ بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے اس مثالی کام نے علاقے کے دیگر مخیر حضرات کو بھی سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ وہ بھی تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
یہ قدم نہ صرف دیامر میں تعلیمی بہتری کا آغاز ہے بلکہ پورے گلگت بلتستان کے لیے ایک مثال ہے کہ اگر نیت نیک ہو تو ہر رکاوٹ کو عبور کیا جا سکتا ہے۔ وقاص احمد جیسے لوگ ہمارے معاشرے کے وہ ہیرو ہیں جو بغیر کسی ذاتی مفاد کے اپنے علاقے کے لوگوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کی اس کاوش سے دیامر کی 32 بچیوں کے تعلیمی سفر کا آغاز ہو چکا ہے، اور امید ہے کہ یہ سفر مزید آگے بڑھے گا اور دیگر لوگ بھی اس نیکی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: دیامر پولیس خاتون کے قتل كی ایف آئی آر درج کرنے میں ناکام