محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور قریبی علاقوں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی ژالہ باری میں گاڑیوں کی ونڈ اسکرینز ٹوٹ گئیں، باڈیز پر ڈینٹس آئے، اور کئی گھروں کے شیشے بھی متاثر ہوئے۔ اس کے پیش نظر شو روم مالکان نے گاڑیوں کو کور کرکے نقصان سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی آج ژالہ باری سے گاڑیوں کے شیشے اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور اولے پڑنے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔
شمالی علاقہ جات میں 18 سے 20 اپریل کے دوران ندی نالوں میں سیلاب کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے موسمی اپ ڈیٹس اور سڑکوں کی صورتحال کا جائزہ ضرور لیں۔ وفاقی دارالحکومت میں اس وقت گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، اور محکمہ موسمیات نے شہریوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے کابل اور اس سے منسلک دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا