تحریر: عبد الفناز
حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ بٹگرام کے زیر اہتمام کشمیری بھائیوں کے ساتھ آج 5 فروری یوم کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یک جہتی اور جدوجہد آزادی کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ بٹگرام نے گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول بٹگرام میں قومی پرچم کشاٸی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے اس موقع پر قومی پرچم کشائی کی اور شہداء کشمیر کے لیے اجتماعی دعا کی گٸی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کیا گئی۔ اس موقع پر پاکستانی قومی ترانہ اور کشمیر کے ترانے بجائے گئے۔
اس کے بعد گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول بٹگرام ہال میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوہر علی خان نے کی۔ اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا، مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم، خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کو لاپتہ کر کے مارے جانے جیسے افسوس ناک واقعات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بٹگرام میں 11 موٹر سائیکلوں کا چور گرفتار کر لیا گیا
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری بھائیوں، ماؤں، بہنوں اور ان بچوں کے ساتھ ہیں جن پر مودی سرکار کی جانب سے ظلم ڈھائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ انشااللہ ایک دن ایسا آئیگا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان غالب آئیگا اور کشمیر اور پاکستان ایک ہوگا۔
اس سلسلے میں گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول سے کچہری چوک تک ایک ریلی نکالی گئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام، اسسٹنٹ کمشنرز بٹگرام، ایس پی انویسٹیگیشن اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اور ڈسٹرکٹ خطیب، بازار یونین، ضلعی محکموں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔