بٹگرام میں لاہور سے لایا گیا غیر معیاری اور بدبودار گوشت برآمد
لاہور سے لائے گئے ڈھائی من سے زائد غیر معیاری، بدبودار اور مضرِ صحت گوشت کو برآمد کیا

بٹگرام کی ضلعی انتظامیہ نے غیر معیاری اور مضرِ صحت گوشت کی فروخت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے لائے گئے ڈھائی من سے زائد غیر معیاری، بدبودار اور مضرِ صحت گوشت کو برآمد کیا۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ گوشت کو ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں جلا کر تلف کر دیا گیا۔
عوامی شکایات پر عمل کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر آصف علی خان کی خصوصی ہدایت پر مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے لاہور سے لائے گئے غیر معیاری گوشت کی فروخت کا سلسلہ پکڑا۔ گرفتار ملزم محمد شاہ، ولد رحمان شاہ، سکونت توحید آباد کالونی اجمیرہ، کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ساتھ ہی سخت سزا کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اختر رسول نے ٹی ایم اے اور لائیو سٹاک افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ملزم کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہِ مقدس میں اس طرح کے گھناؤنے دھندے کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔
ہیلتھ اور لائیو سٹاک ڈاکٹروں نے بتایا کہ یہ گوشت انسانی صحت کے لیے زہرِ قاتل ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں اسے جلا کر تلف کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بٹگرام میں موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا ہے