ہری پور میں عوامی مسائل پر جماعت اسلامی اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان اہم ملاقات
ٹی ایم اے ملازمین کی تنخواہیں خواتین کے سینٹرز کی بندش اور مہنگائی جیسے مسائل زیر بحث

جماعت اسلامی ہری پور کے ضلعی امیر طاہر عتیق صدیقی نے وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ہری پور شوزب عباس سے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں ٹی ایم اے ملازمین کی کئی ماہ سے بند تنخواہوں، خواتین کے ووکیشنل سینٹرز کی بندش، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور غازی میں سکول ٹائم پر بھاری ڈمپروں کے خطرناک گزرنے جیسے اہم مسائل زیر بحث آئے۔
ضلع امیر طاہر عتیق صدیقی نے ٹی ایم اے ہری پور میں جاری بدانتظامی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی ماہ سے ملازمین کی تنخواہیں بند ہیں، جس کی وجہ سے وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ٹی ایم اے کے زیرِ انتظام چلنے والے خواتین کے ووکیشنل سینٹرز کو بھی بند کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں وہ خواتین جو اپنے گھروں کی کفالت کر رہی تھیں، شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو سراسر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہری پور کا ٹی ایم اے صوبے کے امیر ترین اداروں میں شمار ہوتا ہے، مگر بدعنوانی اور غیر ضروری اخراجات کی وجہ سے یہ مالی بحران کا شکار ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کرپشن ختم کی جائے اور ادارے کی مالی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں، ناکہ عام شہریوں اور ملازمین کو مشکلات سے نکالا جائے۔
ملاقات کے دوران رمضان المبارک سے قبل اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے اور ذخیرہ اندوزی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ضلعی امیر نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ ناجائز منافع خور عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رہے ہیں، اور ضلعی انتظامیہ کو اس کے خلاف سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ہری پور نے یقین دہانی کرائی کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں مزید متحرک کی جائیں گی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
ضلع امیر نے واپڈا کی جانب سے پرمٹ کے نام پر جاری غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ اس کے علاوہ غازی میں سکول ٹائم کے دوران بھاری بھرکم ڈمپروں کی آمد و رفت کی وجہ سے ہونے والے حادثات پر بھی گفتگو کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور نے تمام مسائل کو غور سے سنا اور موقع پر ڈی پی او ہری پور سے بات چیت کی۔ ساتھ ہی ٹریفک انچارج الیاس خان کو طلب کر کے غازی میں بھاری ڈمپروں کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
ملاقات کے اختتام پر ضلعی امیر طاہر عتیق صدیقی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی اور ضلعی انتظامیہ کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے مزید متحرک کرے گی۔