خیبر پختونخواملاکنڈ ڈویژن
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اپر چترال میں ڈاکٹر کی عدم دستیابی، عوام مشکلات کا شکار
ڈپٹی اسپیکر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اپر چترال کے لیے ایک فی میل ڈاکٹر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، مگر بدقسمتی سے یہ اقدام محض نوٹیفکیشن کی حد تک محدود رہا

تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بونی میں ایک ماہ سے ڈاکٹر کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے کے عوام نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک ماہ قبل ڈپٹی اسپیکر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اپر چترال کے لیے ایک فی میل ڈاکٹر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جسے عوام نے خوش آئند قرار دیا تھا، مگر بدقسمتی سے یہ اقدام محض نوٹیفکیشن کی حد تک محدود رہا اور عملی طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ سمجھ رہے تھے کہ اپر چترال سے ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہونے سے مسائل حل ہوں گے، لیکن صورتحال اس کے برعکس ثابت ہوئی۔ ایک ماہ گزرنے کے باوجود تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹر کی تعیناتی ممکن نہ ہو سکی، جس سے عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے۔
اسی طرح، بونی بازار ٹو BMC روڈ جو کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، اس کی بحالی کے لیے بھی فنڈ ریلیز نہ ہو سکا۔ یاد رہے کہ چھ ماہ قبل ڈپٹی اسپیکر نے اس منصوبے کا افتتاح کیا تھا، مگر تاحال اس پر کوئی عملی کام شروع نہیں ہو سکا۔
عوام نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے اپر چترال میں فوری طور پر فی میل ڈاکٹر کی تعیناتی یقینی بنائیں اور بونی بازار ٹو BMC روڈ کے لیے جلد از جلد فنڈز جاری کریں، تاکہ علاقے کے مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔