ہری پور حوالہ ہنڈی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان گرفتار
ملزمان کی شناخت محمد دانیال صالح اور محمد امین کے نام سے ہوئی اور ملزمان کو ہری پور اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا

ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد کی بڑی کاروائیاں۔ حوالہ ہنڈی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی شناخت محمد دانیال صالح اور محمد امین کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کو ہری پور اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
اشتہاری ملزم دانیال صالح انسانی سمگلنگ میں ملوث ہے۔ ملزم سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پایا گیا۔ ہری پور ملزم نے شہری کو قطر کا ورک ویزہ فراہم کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے سے زائد وصول کئے۔ ملزم سال 2023 سے مطلوبہ ملزمان کی فہرست میں شامل ہے۔ دیگر کاروائی میں حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم محمد امین کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کو چھاپہ مار کاروائی میں شیراں والا گیٹ مین بازار ہری پور سے گرفتار کیا گیا۔ چھاپہ مار کاروائی میں ملزم سے 7 لاکھ 20 ہزار روپے برآمد ہوئے۔ ملزم سے موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کیے گئے۔ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ چھاپہ مار کارروائیاں ڈائریکٹر پشاور زون کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہری پور میں سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار