خیبر پختونخواملاکنڈ ڈویژن
نرسنگ کالج اپر چترال کے قیام کے لیے اہم پیش رفت
ڈی سی اپر چترال جلد از جلد 10 سے 20 کنال زمین فراہم کرے گا تاکہ نرسنگ کالج کا باقاعدہ قیام ممکن بنایا جا سکے

ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی زیر صدارت نرسنگ کالج اپر چترال کے قیام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ڈپٹی اسپیکر نے منصوبے میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کالج اپر چترال کی خواتین کی ایک اہم ضرورت ہے، جہاں بے روزگاری اور تعلیمی سہولیات کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈی سی اپر چترال جلد از جلد 10 سے 20 کنال زمین فراہم کرے گا تاکہ نرسنگ کالج کا باقاعدہ قیام ممکن بنایا جا سکے۔ فی الحال خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) کرائے کی عمارت میں کلاسز کا آغاز کرے گی، جس کے لیے 10 دن کی مہلت دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، THQ ہسپتال بونی میں لیڈی ڈاکٹرز کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ اپر چترال کے ڈاکٹروں کو اپنے ہی علاقے میں خدمات انجام دینا ہوں گی اور سیاسی اثر و رسوخ کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
ڈپٹی اسپیکر نے نرسنگ کالج کی فوری تعمیر، سولرائزیشن اور جدید سہولیات کی ہدایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہوگا تاکہ چترال کی خواتین کو بہتر تعلیمی اور طبی مواقع میسر آ سکیں۔