بیوی کو منانے میں ناکامی پر شوہر نے 4 بچوں کو قتل کرکے خودکشی کر لی
یہ واقعہ بدھ کی رات صوابی کے تھانہ یار حسین کی حدود میں سڑہ چینہ کے مقام پر پیش آیا ہے
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں پولیس کے مطابق مبینہ طور پر ناراض بیوی کو منانے میں ناکامی کے بعد شوہر نے اپنے ہی چار کم عمر بچوں کو مارنے کے بعد خودکشی کر لی ہے۔
یہ واقعہ بدھ کی رات صوابی کے تھانہ یار حسین کی حدود میں سڑہ چینہ کے مقام پر پیش آیا ہے۔
تھانہ یار حسین کے ایس ایچ او عبدالولی خان نے بتایا کہ صبح سویرے انھیں فون کال موصول ہوئی کہ ایک مکان میں چار بچے ذبح شدہ حالت میں موجود ہیں جبکہ بچوں کے والد بھی وہیں مردہ حالت میں پڑے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق اس معاملے پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
صوابی میں ریسکیو 1122 کے مطابق اُن کے اہلکاروں نے اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
ایس ایچ عبدالولی خان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق سیف الاسلام نامی شخص کپڑوں کی سلائی کا کام کرتے تھے اور اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کے ابتدائی بیانات کے مطابق اُن کی اہلیہ کچھ عرصہ قبل اُن سے ناراض ہو کر میکے چلی گئی تھیں۔
عبدالولی خان کے مطابق سیف نے اپنی اہلیہ کو منانے کی کافی کوششیں کیں اور اس حوالے سے وہ ایک جرگہ بھی لے کر گئے لیکن اُن کی اہلیہ واپس نہیں آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بیانات کی روشنی میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق سیف الاسلام کی عمر 42 سال بتائی گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے اُن کے بڑے بیٹے ضیا اسلام کی عمر 12سال، بیٹےعبدالرحمان کی عمر 10سال ، بیٹی ثنا کی عمر آٹھ سال اور ایک بیٹی کی عمر دو سال بتائی گئی ہے۔
مقامی صحافی مقدم خان کا کہنا ہے بظاہر ایسا لگتا ہے کہ علاقہ مکینوں کے مطابق یہ شخص ذہنی تناؤ کا شکار تھا تاہم ان کے اس مبینہ اقدام کی وجوہات پولیس کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آ سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع بٹگرام سے پی ٹی آئی کی صوابی جلسے کی تیاریاں عروج پر