اہم خبریںپاکستانخیبر پختونخوا

آئی جی کے پی کا تربیلہ غازی ٹنل V پراجیکٹ سائٹ کے دورہ پر سیکیورٹی جائزہ

ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے

خیبر پختونخوا پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) ذوالفقار حمید نے آج تربیلہ غازی ٹنل V پراجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے چائنیز اور سیکیورٹی افسران سے ملاقات کی اور پراجیکٹ کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

آئی جی پی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ چائنیز ورکرز کی سیکیورٹی کو مزید مستحکم بنایا جائے اور غیر ملکیوں کی نقل و حرکت کے دوران سیکیورٹی کا خاص خیال رکھا جائے۔

آئی جی پی نے متعلقہ اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ تربیلہ غازی ٹنل V پر کام کرنے والے چائنیز انجینئرز اور ورکرز کی سیکیورٹی کو مزید سخت اور فول پروف بنائیں۔ ان ہدایات کے ساتھ ہی انہوں نے پراجیکٹ سائٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور چیف انجینئر وسیم رضا سے پراجیکٹ کی سیکیورٹی اور ترقیاتی کام کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔

آئی جی پی نے چائنیز عہدیداران سے بھی ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی کے حوالے سے درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ تربیلہ غازی ٹنل V پراجیکٹ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہمیت کا حامل ہے، جو ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مقیم چائنیز شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور خیبر پختونخوا پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

آئی جی پی نے سپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کے افسران سے بھی میٹنگ کی اور پراجیکٹ کی تعمیر پر ہونے والی پیش رفت، غیر ملکی ماہرین کی سیکیورٹی اور دیگر امور کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے ایس ایس یو افسران کے ہمراہ پراجیکٹ کے مختلف سیکیورٹی پوائنٹس کا جائزہ لیا۔

آئی جی پی نے متعلقہ اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ چائنیز انجینئرز کی سیکیورٹی اور غیر ملکی انجینئرز کی نقل و حمل کے دوران وزارت داخلہ کے جاری کردہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لاتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات کو مزید بہتر بنانے اور پراجیکٹ ایریا میں جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

آئی جی پی نے مزید کہا کہ چائنیز انجینئرز کی سیکیورٹی کو مزید موثر اور بہتر بنایا جائے اور ان کے ساتھ روابط کو مستحکم کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس بروقت مدد کر سکے۔ انہوں نے چائنیز ورکرز کی رہائش گاہوں، پراجیکٹ سائٹس اور سفر کے راستوں کی بھرپور نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

آخر میں، آئی جی پی نے وہاں مقیم چائنیز انجینئرز کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چائنیز انجینئرز نے خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے مہیا کردہ سیکیورٹی پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی، ڈی پی او ہری پور فرحان خان، ایس پی ایس ایس یو طاہر خان اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا پولیس کو جدید بکتر بند گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں

ایڈیٹر

دی ناردرن پوسٹ پاکستان ایک ڈییجٹل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو خاص کر شمالی پاکستان کی رپورٹنگ اور تحقیقاتی سٹوریز آپ تک لانے کیلئے کوشاں ہے۔ انسانی حقوق، ماحولیات، تعلیم، سماجی مسائل پر خصوصی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ More »

متعلقہ تحریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button