پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کا مون سون کنٹینجنسی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا
تمام اضلاع کو 60 ہزار سے زائد راشن کٹس اور ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے مون سون سیزن 2025 کے لیے جاری کردہ مون سون کنٹنجنسی پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے اس وقت صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ کو ضرورت کے مطابق امدادی سامان کی فراہمی میں مصروف ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری جناب نیک محمد خان کی خصوصی ہدایات پر پی ڈی ایم اے نے اپنے وئیر ہاؤس سے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سامان کی ترسیل شروع کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے 6072 فیملی سائز ٹینٹ، 6330 ہائیجین کٹس، 10486 رضائیاں، 10206 گدے، 5330 سلیپنگ بیگز، 7502 تکیے، 2709 لائف سیونگ جیکٹس، 10070 ترپال، 7408 پلاسٹک چٹائیاں، 8284 مچھر دانیاں، 8880 کچن سیٹس، 239 ڈی واٹرنگ پمپس، 8335 کمبل، 1780 سرچ لائٹس، 3985 جیری کین، 828 رسیاں اور 2012 سولر لائٹس ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موصول ہونے والی طلب اور ضرورت کے مطابق فراہم کیا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک کے مطابق ادارہ صوبے کے تمام اضلاع سے مسلسل رابطے میں ہے اور مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں فوری ردعمل اور امدادی کارروائیاں یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ادارے کا مقصد انسانی جان و مال کا تحفظ، عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی اور مؤثر رسپانس کو یقینی بنانا ہے۔ پی ڈی ایم اے کا یہ بروقت اور منظم اقدام مون سون کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور تیاری کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں تیز آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا