پشاور: ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال اور کلکٹر سیلز ٹیکس آن سروسز مقصود حسن کی ہدایات پر کیپرا کی جانب سے مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ مہم جاری ہے۔
مہم کے دوران مشیر خزانہ مزمل اسلم کی خصوصی ہدایات پر کیپرا پشاور ریجن کی ٹیم نے پشاور رینگ روڈ حیات اباد ٹول پلازہ کے قریب واقع ایک معروف ریسٹورانٹ کو سیلز ٹیکس آن سروسز کی عدم ادائیگی کی بنیاد پر سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کیپرا پشاور ریجن کے ڈپٹی کلکٹر راحیل اقبال، ڈپٹی کلکٹر اشرف الدین، اسسٹنٹ کلکٹر خالد منصور، اسسٹنٹ کلکٹر شاہنواز خان، اسسٹنٹ کلکٹر عمران احمد، اسسٹنٹ کلکٹر یونس خان، انسپکٹر محمد افضال عابد، آڈٹ افیسر ہادی حسین اور دیگر افسران پر مشتمل ٹیم نے ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے کاروائی کے دوران حیات اباد ٹول پلازہ کے قریب رنگ روڈ پر واقع ریسٹورانٹ کو سیل کر دیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر پشاور عبدالرازق کا کہنا تھا کہ ٹیکس کی عدم ادائیگی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ٹیکس چوری اور ٹیکس کی عدم ادائیگی میں ملوث تمام افراد اور اداروں کے خلاف کیپرا قوانین و ضوابط کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے سروسز شعبے سے وابستہ کاروباری افراد اور اداروں پر زور دیا کہ وہ ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ بعد میں قانونی چارہ جوئی سے محفوظ رہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید کو 34 سال قید کی سزا
واضح رہے کہ مذکورہ ریسٹورانٹ کی انتظامیہ کو کیپرا قوانین و ضوابط کے تحت نوٹسز جاری کیے گئےتھے تاہم ان کی جانب سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جارہا تھا جس کے بعد کیپرا کے قوانین و ضوابط کے مطابق یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال کی خصوصی ہدایات پر جاری اس مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ مہم کے گزشتہ تین دن کے دوران کیپرا پشاور ریجن کی جانب سے مختلف ریسٹورانٹس سے لاکھوں روپے ٹیکس کی ریکوری کرلی گئی ہے۔
ٹیکس کی ادائیگی ہمارا قومی فریضہ ہے آپ کے ٹیکس کی رقوم سے ہمارے صوبے میں ترقیاتی کام سرانجام دیے جاتے ہیں لہذا ہماری آپ سے گزارش ہے کہ ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانے میں ہمارا ساتھ دیں اور کسی بھی جگہ ٹیکس چوری یا ٹیکس کی عدم ادائیگی یا سیلزٹیکس آن سروسز کے بغیر جاری کردہ انوائسز کے متعلق ہمارے واٹس ایپ نمبر 03331421423 پر ہم سے رابطہ کریں ۔ اپ کی شکایات پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا اور معلومات فراہم پر کیپرا وسل بلور قوانین و ضوابط کے مطابق آپ کو انعام بھی دیا جائے گا اور آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔