چارسدہ میں نوجوان خواجہ سرا والد کے ہاتھوں قتل
یہ واقعہ چارسدہ کے نستہ علاقے میں پیش آیا جہاں احتشام عرف ڈیگئی نامی ایک خواجہ سرا کو قتل کر دیا
تحریر: عمران ٹکر
ضلع چارسدہ میں ایک اور خواجہ سرا اپنے گھر میں والد کے ہاتھوں قتل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ چارسدہ کے نستہ علاقے میں پیش آیا جہاں احتشام عرف ڈیگئی نامی ایک خواجہ سرا کو مبینہ طور پر گھریلو تنازعہ پر اس کے والد کوثر نیاز نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب مقتول کی اپنے والد کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔ کچھ دیر بعد والد نے فون پر اپنے بھائی اشفاق کو اطلاع دی کہ اس نے اپنے بیٹے، احتشام ڈیگئی، کو قتل کر دیا ہے۔
چونکہ مقتول کی چند ماہ قبل خاندان والوں نے زبردستی شادی کروا دی تھی لیکن وہ بطور خواجہ سراء اپنی اصل شناخت ترک کرنے کو تیار نہیں تھا۔ اسی طرح شادی کے بعد گھریلو تنازعات بڑھتے گئے اور بالآخر کچھ ہی عرصہ قبل مقتول نے اپنی نئی نویلی بیوی کو طلاق دے دی۔ بیٹے کی یہ حرکت والد کے لیے ناقابل برداشت ثابت ہوئی اور آخرکار اس نے اپنے بیٹے کی جان لے لی۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ تو درج کر لیا لیکن قاتل فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ابھی تک کیس میں پولیس کی طرف سے کوئی پیش رفت نہیں ھوئی جس سے اس کیس میں ان کی غیر سنجیدگی ظاہر ھوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خواجہ سرا کمیونٹی کی بہبود کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کے نئے اقدامات