حکومت نے عید سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں تبدیلیاں کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر کمی کر دی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جو آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگی۔ دوسری جانب ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے گی۔
تاہم اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی 8 روپے 64 پیسے بڑھا کر 78 روپے 64 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے جبکہ پیٹرول پر لیوی میں 2 روپے 15 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جو اب 72 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ یہ لیوی میں اضافہ 29 مارچ سے نافذ ہوگا۔
حکومتی اقدامات میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کو عید سے قبل عوام کے لیے ایک تحفہ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ لیوی میں اضافے سے حکومتی خزانے کو اضافی آمدنی حاصل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک کے دوران بارشوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی نگرانی