پشاور یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کو ارشد شریف کے نام سے منسوب کرنے کی مذمت
خیبر پختونخوا کے صحافت سے منسلک افراد صوبائی وزیر کے اس اعلان اور فیصلے کی ہر سطح پر مزاحمت کرتے رھینگے اور کسی بھی قیمت پر ایسا کرنے نہیں دینگے
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر شمیم شاہد نے خیبر پختونخوا کابینہ میں شامل وزیر مینا خان آفریدی کے پشاور یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کو مرحوم صحافی ارشد شریف کے نام سے منسوب کرنے کے اعلان کو مضحکہ خیز قراد دیتے ھوئے کہا کہ عجیب بات ھے ارشد شریف کے پراسرار قتل کے تحقیقات کرنے کے مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اب اس قسم کے اعلانات سے گلو خلاصی کرنے پر تلے ھوئے ھیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے صحافت سے منسلک افراد صوبائی وزیر کے اس اعلان اور فیصلے کی ہر سطح پر مزاحمت کرتے رھینگے اور کسی بھی قیمت پر ایسا کرنے نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کو اگر ارشد شریف سے پیار و عقیدت ھے تو وہ اس کے نام پر کوئی نیا ادارہ قائم اور تعمیر کرے اور خیبر پختونخوا کے صحافت سے منسلک افراد اس کا خیر مقدم اور اس کے کامیابی میں تعاون بھی کرینگے ۔ شمیم شاہد نے یاد دلایا کہ پشاور یونیورسٹی سے منسلک شخصیات میں پروفیسر عبدالہاشم خان۔ خان عبدالعلی خان ۔ پروفیسر پریشان خٹک اور دیگر کے علاوہ پشاور یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کے قیام و ترقی میں اقتدار علی مظہر ۔ ثناء اللہ خان اور ڈاکٹر شاہجہان جیسے شخصیات نمایاں ہیں اسی طرح مرحوم رحیم اللہ یوسفزئی کا نام نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی صحافت میں سورج کی طرح روشن ھے ۔ دھشت گردی کی آڑ میں خیبر پختونخوا کے طول و عرض سے تعلق رکھنے والے پچاس سے زائد صحافی دھشت گردوں نے اس لئے قتل کئے ھیں کہ وہ کسی سیاسی مقصد کے لئے نہیں قیام امن کے لئے آواز بلند کر دیتے تھے۔ اگر میناخان آفریدی کو تعلیمی ماہرین۔ اساتذہ کرام اور صحافیوں کی قربانیوں اور کوششوں کا اتنا خیال ھے تو شعبہ صحافت کو اسی دھرتی کے انہی فرزندان میں سے کسی کے نام کردینا چاھئے تھا ۔ انہوں نے صوبائی وزیر سے فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لینے کی اپیل کی بصورت دیگر اس فیصلے کے خلاف انہوں نے عید الفطر کے بعد پشاور پریس کلب ۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس ۔ شعبہ صحافت کے طلباء و طالبات اور دیگر صحافتی تنظیموں سے مل کر احتجاجی تحریک شروع کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں خواتین صحافی رشتہ داروں کی حملے میں زخمی