
شانگلہ: ڈی پی او شاہ حسن کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، افسران اور اہلکار محفوظ، علاقہ گھیرے میں لے لیا گیا ضلع شانگلہ میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش، تھانہ چوگا کی حدود میں واقع علاقے دواڑ خواڑو، شیکولئی موڑ پر پولیس قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او شانگلہ شاہ حسن اور اُن کے ہمراہ موجود دیگر افسران ہفتہ کے صبح سویرے شیکولئی چیک پوسٹ پر ہونیوالے حملے کی جگہ کا دورہ کررہے تھے جب ان کے پر ائی ڈی دھماکہ ہوا تاہم ڈی پی او شاہ حسن اور دیگر تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
تاہم، واقعے میں سپیشل برانچ کے ایک اہلکار کی نجی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس نے فوری طور پر پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کی ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے اور دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے معائنہ جاری ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، یہ حملہ امن کو خراب کرنے کی ایک بزدلانہ کوشش ہے، جسے اہلِ علاقہ اور سیکیورٹی اداروں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
مزید تحقیقات جاری ہیں، اور پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی دہشتگردی یا بدامنی کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شانگلہ میں ٹریفک حادثے میں چار سیاح جانبحق، ایک زخمی