جمعیت علماء اسلام نے اسرائیلی مظالم کے خلاف بشام میں عظیم الشان مظاہرہ کیا
مولانا فضل الرحمان کے حکم پر نکالے گئے جلوس میں فلسطین سے یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف سخت موقف اپنایا گیا

جمعیت علماء اسلام قائد جمعیت علماء اسلام حضرت مولانا فضل الرحمان مدظلہ کے حکم پر جمعیت علماء اسلام شانگلہ تحصیل بشام نے اسرائیل کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یہ جلوس فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع اور اسرائیل کی غیر قانونی کارروائیوں کے خلاف نکالا گیا، جس کی قیادت تحصیل بشام کے امیر مولانا شیر محمد حقانی نے کی۔
مظاہرے میں جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں اور مقامی رہنماؤں نے اسرائیل کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا شیر محمد حقانی، شیر علی شاہ، مولانا فہیم، اور جی ایس تحصیل بشام مفتی محمد انور سمیت دیگر مقررین نے عالمی برادری اور اسلامی ممالک کے سربراہوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات فوری طور پر ختم کریں۔ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کا ہنگامی اجلاس بلانے اور فلسطین کے دفاع کے لیے موثر لائحہ عمل بنانے پر زور دیا۔
مقررین نے اعلان کیا کہ اگر فلسطین سے متصل اسلامی ممالک نے سرحدیں کھول دیں تو جمعیت علماء اسلام کے کارکن بیت المقدس کی آزادی کے لیے ہراول دستے کے طور پر اپنی جانوں کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ یہ مظاہرہ نہ صرف جمعیت علماء اسلام کے سیاسی و مذہبی موقف کو واضح کرتا ہے بلکہ عالمی سطح پر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے ایک مضبوط پیغام بھی ہے۔
اس احتجاج کے ذریعے جماعت نے ایک بار پھر انسانیت، انصاف اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اپنی آواز بلند کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شوکت یوسفزئی نے عمران خان کی رہائی کی تحریک کا شانگلہ سے اعلان کر دیا