جب تک ایک پاکستانی بھی زندہ ہے مسئلہ کشمیر زندہ رہے گا، امیر مقام کا خطاب
مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں قید، حریت رہنما جیلوں میں، لیکن عزمِ آزادی کو کوئی مٹا نہیں سکا
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت کا جذبہ مٹا نہیں سکا،جب تک ایک پاکستانی بھی زندہ ہے مسئلہ کشمیر زندہ رہے گا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں دلیری سے بات کی۔وہ بدھ کو یہاں کشمیر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق ،وزیر اعظم آزاد کشمیر ،سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی لطیف اکبر،اے پی ایچ سی کے چیئرمین غلام محمد صفی،رکن قومی اسمبلی حفیظ الدین،مشاہد حسین سید،آزاد کشمیر کے سیاسی رہنما اور اے پی ایچ سی کی قیادت بھی موجود تھے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں شہادتیں ہوئیں ہیں اور خواتین بیوہ ہوئیں،اب بھی ہزاروں کی تعداد میں کشمیری بھارتی جیلوں میں قید ہیں،حریت قیادت بھی جیلوں میں ہے وہیں کئی رہنماؤں کا انتقال ہوا۔ امیر مقام نے کہا کہ
بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت کا جذبہ مٹا نہیں سکا،آج بھی کشمیر ی بھرپور انداز سے اور پہلے سے زیادہ جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ساتھ تھے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے،جب تک ایک پاکستانی بھی زندہ ہے مسئلہ کشمیر زندہ رہے گا۔امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں دلیری سے بات کی، وزیر اعظم کو آزاد کشمیر دو دفعہ جانے کا اتفاق ہوا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میں کسی کے حوالے سے یہ نہیں کہتا کہ وہ کشمیر اور فلسطین میں جاری ظلم پر مذمت نہیں کرتے، استصواب رائے مشیر کی تقرری کی حمایت کرتے ہیں،وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم سے مشیر کی تقرری کے حوالے سے بات کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر امیر مقام کا ملک خیل کوٹکے کے ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار