چیل کے علاقے میں شارٹ سرکٹ سے گھر میں آگ بھڑک اٹھی، چار سالہ بچہ جانبحق
آگ کے دوران گھر میں موجود چار سالہ نوید بن رحمان گل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا

تحصیل بحرین کے علاقہ چیل میں گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث بھڑک اٹھنے والی آگ نے المناک صورت اختیار کر لی، جس میں ایک چار سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور پیشہ ورانہ مہارت سے آگ پر قابو پالیا۔ تاہم، آگ کے دوران گھر میں موجود چار سالہ نوید بن رحمان گل شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر مدین ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔
اس سانحے میں متاثرہ خاندان کو شدید مالی نقصان بھی پہنچا، کیونکہ آگ میں 10 گائے بھینسوں اور 15 بکریوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
واقعے کے دوران ریسکیو کارکن فضل باسط بھی دھوئیں کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد دے کر ہسپتال پہنچایا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد سعد نے فضل باسط کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
مقامی حکام نے عوام سے بجلی کے محفوظ استعمال کی ہدایت کی ہے تاکہ ایسے المناک واقعات کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: سوات کے گاؤں آئین میں آتشزدگی سے گیارہ مکانات خاکستر ہو گئے