حکومت پاکستان نے ملک بھر کی موٹرویز اور ایکسپریس ویز پر نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس والی گاڑیوں کے لیے ٹول ٹیکس میں 50 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد سے لاہور موٹروے پر نان ایم ٹیگ یا کم بیلنس کاروں کے لیے ٹول ٹیکس 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ لاہور سے عبدالحکیم کے راستے پر یہ ٹیکس 1200 روپے ہو گا۔
پنڈی بھٹیاں سے ملتان موٹروے پر ایسی گاڑیوں سے 1600 روپے ٹول وصول کیا جائے گا، جبکہ ملتان سے سکھر کے لیے یہ رقم 1800 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ڈی آئی خان سے ہقلہ موٹروے پر کاروں سے 1000 روپے ٹول لیے جائیں گے۔ حسن ابدال سے مانسہرہ ایکسپریس وے پر نان ایم ٹیگ یا کم بیلنس کاروں کے لیے نیا ٹول ٹیکس 450 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
بڑی گاڑیوں کے لیے بھی نئے ٹول ریٹس کا اعلان کیا گیا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد راستے پر دو اور تین ایکسل ٹرکوں کے لیے نیا ٹول 7900 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ نان ایم ٹیگ یا کم بیلنس والے آر ٹی کیولیٹڈ ٹرکوں سے 10200 روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایم ٹیگ سسٹم کو فروغ دینے اور موٹرویز پر ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ نئے ٹول ریٹس فوری طور پر نافذ العمل ہو چکے ہیں اور تمام متعلقہ ٹول پلازہ پر ان کا اطلاق شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شانگلہ میں سوزکی اور موٹر کار کے تصادم میں 4 افراد زخمی