صوبائی حکومت کی جانب سے کرم کے متاثرین کیلئے مزید امدادی سامان روانہ
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں گزشتہ دو ماہ میں پر تشدد واقعات ہوئے جن میں درجنوں لوگ مارے گئے
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر کرم کے متاثرین کے لیے 17 ٹرکوں پر مشتمل مزید امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ امداد صوبائی حکومت کے مشیر برائے ریلیف، بحالی و آباد کاری جناب نیک محمد خان کی زیر نگرانی پی ڈی ایم اے کے ویئر ہاؤس سے کرم انتظامیہ کے حوالے کی گئی۔
امدادی سامان میں سردی سے بچاؤ کے لیے 500 خیمے، 500 چٹائیاں، 500 كمبل، 500 بسترے، 500 طبی حفاظتی كیٹس، 200 ترپال, 500 تكیے، 50 سولر لیمپس اور 150 سلیپنگ بیگس ( Sleeping Bags) شامل ہیں۔ اس اقدام کا مقصد سخت سردی میں مشكلات كے پیش نظر متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔
مشیر برائے ریلیف جناب نیک محمد خان نے کہا کہ کرم کے متاثرین اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اور سخت سردی کی وجہ سے ان کی ضروریات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کی امداد کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور ان کی فوری بحالی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور متاثرین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ امدادی سامان کی شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ تمام ضرورت مند افراد تک یہ امداد پہنچ سکے
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں پیشگی خبردار کرنے والے نظام قائم کرنا وقت کی ضرورت
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ امن جرگے کی کامیابی کے بعد متاثرین کی بحالی اور ان کی مدد صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت خیبر پختونخوا تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں یکجہتی کا مظاہرہ کریں.