
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کے روز ثناء یوسف نامی کنٹینٹ کری ایٹر کو قتل کیا گیا جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے 24گھنٹوں کے اندر ملزم کو آلہ قتل سمیت فیصل آباد سے گرفتار کیا۔ آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے ملزم کی گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ بائیس سالہ عمر میٹرک پاس ہیں اور سوشل میڈیا پر پروموشن کو ذریعہ معاش بنایا ہوا تھا۔ تاحال پولیس کی جانب سے کوئی تصویر جاری نہیں کی گئی تاہم سوشل میڈیا صارفین مختلف تصاویر شئیر کر کے مبینہ قاتل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے ایک تصویر تیزی سے وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ تصویر مبینہ طور پر ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قاتل کی ہے۔ تاہم دی ناردرن پوسٹ کی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ یہ تصویر مکمل طور پر جعلی اور گمراہ کن ہے۔ وائرل تصویر میں دکھائے گئے شخص ساجد راجپوت ہیں، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن ہیں اور اس کیس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
مبینہ طور پر ساجد راجپوت کی تصویر کو سیاسی مخالفین نے غلط طور پر استعمال کرتے ہوئے انہیں ثناء یوسف کے قتل کا ملزم قرار دیا، جس کے بعد یہ تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی۔ ساجد راجپوت نے خود بارہا وضاحت کی ہے کہ وہ اس کیس سے کسی بھی طرح منسلک نہیں ہیں اور ان کی تصویر کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کی زندگی کو اجیرن نہ بنایا جائے۔
وائرل ہونے والی تصویر و پروفائل کا لنک:
https://www.facebook.com/share/1GJY4KYFDa/
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ثناء یوسف کے قتل کے بارے میں پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ "مسلسل مسترد کیے جانے” کا معاملہ تھا۔ ملزم، عمر نے بارہا ثناء یوسف سے رابطہ کرنے اور دوستی قائم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اسے مسترد کرتی رہی۔ ملزم نے 29 مئی کو جو ثناء کی سالگرہ تھی، بھی اس سے رابطے کی کوشش کی اور اس کے گھر پر کئی گھنٹے انتظار کیا لیکن ناکام رہا۔ آئی جی اسلام آباد پولیس نے مزید کہا کہ ملزم نے پلان بنا کر ثناء کو 2 جون کو شام 5 بجے گھر میں داخل ہو کر دو گولیاں ماریں۔ ملزم کو فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ سے گرفتار کیا گیا، اور اس کے قبضے سے قتل کا اسلحہ اور ثناء کا آئی فون بھی برآمد ہوا۔ ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ آئی جی نے مزید کہا کہ یہ ایک چیلنجنگ کیس تھا لیکن پولیس نے 113 کیمروں کے ویڈیو فوٹیج اور متعدد فون کالز کا تجزیہ کر کے 20 گھنٹوں میں ملزم کو پکڑ لیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ملزم کو سزائے موت دلوائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چترال سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا