عید پر خیبرپختونخوا میں سیاحوں کا ریکارڈ رش: 3 لاکھ سے زائد سیاح
وادی سوات سب سے زیادہ مقبول رہا، جہاں 2 لاکھ 11 ہزار 9 سیاحوں نے کالام، مالم جبہ اور دیگر دلکش مقامات کی سیر کی
عیدالفطر کے موقع پر خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر ریکارڈ تعداد میں سیاحوں کی آمد دیکھی گئی، جس میں صرف تین دن کے دوران 3 لاکھ 6 ہزار 215 سے زائد افراد نے صوبے کے مختلف خوبصورت مقامات کا رخ کیا۔ حکومتی سہولیات اور بہترین سیکیورٹی انتظامات نے سیاحوں کو متوجہ کیا، جس سے سیاحت کے شعبے میں نمایاں فروغ دیکھنے میں آیا۔
وادی سوات سب سے زیادہ مقبول رہا، جہاں 2 لاکھ 11 ہزار 9 سیاحوں نے کالام، مالم جبہ اور دیگر دلکش مقامات کی سیر کی۔ وادی ناران میں 42 ہزار 111، گلیات میں 28 ہزار، جبکہ وادی کمراٹ میں 16 ہزار 400 سیاح پہنچے۔ اس کے علاوہ، 71 غیر ملکی سیاحوں نے بھی خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا دورہ کیا اور سیکیورٹی اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ٹورازم پولیس اور ہیلپ لائن 1422 کے ذریعے سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔ ٹورازم پولیس کے اہلکاروں نے مختلف مقامات پر متحرک کردار ادا کیا، جبکہ ہیلپ لائن پر 24 گھنٹے سیاحوں کی رہنمائی اور مدد جاری رہی۔
سیاحوں نے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مزید بہتری اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کی امید ظاہر کی۔ خیبرپختونخوا کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ ملک بھر سے زیادہ سے زیادہ سیاح اس خطے کی خوبصورتی سے مستفید ہو سکیں۔