تحریر: عثمان پراچہ
کوہاٹ کے نواحی علاقے چیشنہ غونڈہ میں افسوسناک واقعہ، فوتگی کے گھر پر فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ بچوں اور خواتین سمیت دس افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بدھ کے روز اس وقت پیش آیا جب اہلِ خانہ ایک جنازے کے سلسلے میں جمع تھے کہ مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں ایک 8 سالہ بچی اور چھ خواتین سمیت دس افراد شامل ہیں جنہیں فوری طور پر کوہاٹ ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ بلی ٹنگ تھانے میں درج کر کے نامزد ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مانسہرہ میں راستے کے تنازعے پر فائرنگ، باپ جاں بحق بیٹا زخمی



