وفاقی وزیر امیر مقام نے شانگلہ ہسپتال میں سولرائزیشن منصوبے کا افتتاح کیا
عوامی اجتماع میں آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر افواجِ پاکستان اور قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے آج شانگلہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال الپوری میں سولرائزیشن منصوبے کا افتتاح کیا۔
افتتاح کے بعد جرگہ ہال الپوری میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر افواج پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری قوم شکریہ کی مستحق ہے۔ یہ کامیابی پاکستان کو ایک نئی عالمی پہچان دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ اگر قوم کی یہی یکجہتی قائم رہی تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ہر چیلنج کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اب وہ لوگ بھی شرمندگی محسوس کررہے ہیں جنہوں نے مخصوص ایجنڈے کے تحت پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ اس بار پی ٹی آئی کی احتجاجی کال سے ان کی حقیقت سب کے سامنے آجائے گی، قوم نے جھوٹ اور فتنہ کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چاہے زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا دہشت گردی، ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا تھا، کھڑا ہوں، اور کھڑا رہوں گا۔
اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے چھٹی کے باوجود بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں UNHCR، افغان کمشنریٹ اور سیفران وزارت کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مذہبی اسکالرز سے ملاقات



