ناران-کاغان روڈ 15 سے 18 جون تک ٹریفک کے لیے بند، سیاح متبادل راستہ استعمال کریں
NHA کی جانب سے مہانڈری پل کی توسیع و مرمت کے لیے روڈ بند، دیامر انتظامیہ نے شاہراہِ قراقرم کے استعمال کی ہدایت جاری کردی
ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹن (ریٹائرڈ) عطاء الرحمن کاکڑ کے ہدایت پر ناران-کاغان روڈ کو 15 جون سے 18 جون 2025 تک تمام قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے زیرِ انتظام مانسہرہ تا ناران مہانڈری پل کو محفوظ اور کشادہ بنانے کے منصوبے کے تحت کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے مقامی و غیرملکی سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان چار دنوں کے دوران ناران، کاغان اور گلگت بلتستان کا سفر ملتوی کر دیں یا پھر شاہراہِ قراقرم (بشام روٹ) کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کریں۔ دیامر پولیس کنٹرول روم نے بھی عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل 05812-930037 پر رابطہ کر کے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔
یہ روڈ بند عوامی سلامتی اور تعمیراتی کاموں میں سہولت کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جس پر انتظامیہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تین دن شدید ہیٹ ویو کے بعد محکمہ موسمیات کی جانب سے اچھی خبر



