پاکستان

لکی مروت کے شعیب منصوری نے دو عالمی ریکارڈز بنا کر پاکستان کا نام روشن کر دیا

شعیب نے حال ہی میں دو عالمی ریکارڈز اپنے نام کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں جگہ بنائی ہے

تحریر: طارق بن نواز

خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے نوجوان شعیب منصوری نے اپنی محنت اور لگن سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اپنے علاقے کا نام بلند کیا ہے۔ شعیب نے حال ہی میں دو عالمی ریکارڈز اپنے نام کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں جگہ بنائی ہے اور وہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع سے یہ عالمی اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

شعیب منصوری نے ‘ایک منٹ میں سب سے زیادہ سائڈ جمپس’ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ انہوں نے جولائی 2021 میں ایک منٹ کے اندر 134 سائڈ جمپس مکمل کیا تھا جو بھارتی کھلاڑی ہمانشو کے 130 جمپس کے ریکارڈ سے سات جمپس زیادہ تھے۔ ہمانشو نے یہ ریکارڈ 8 جنوری 2021 کو قائم کیا تھا۔ شعیب کا یہ کارنامہ جولائی 2023 میں باضابطہ طور پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہوا۔ اس کے علاوہ شعیب نے ایک اور منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کیا جس کی تفصیلات آنے والے مہینوں میں عالمی سطح پر سامنے آئیں گی۔

شعیب منصوری نے ٹی این پی اردو سے بات چیت میں اپنے سفر اور مشکلات کے بارے میں کھل کر بتایا۔ ان کا کہنا تھا ‘جب میں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو مجھے اپنا نام درج کرانے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا گیا۔ میں ہر روز ویب سائٹ چیک کرتا تاکہ میرا نام شامل ہوا یا نہیں۔ ایک دن اپنے گھر حجرہ میں دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا کہ ایک دوست نے مبارکباد دی اور بتایا کہ میرا نام گنیز بک میں درج ہوگیا ہے۔ یہ سن کر میری خوشی کی انتہا نہ رہی اور میں بے اختیار کہہ اٹھا کہ اللہ نے میری محنت کو ضائع نہیں کیا۔’

شعیب کے مطابق ان کا سفر آسان نہیں تھا۔ انہیں نہ تو حکومتی سرپرستی حاصل تھی اور نہ ہی مناسب تربیتی سہولیات۔ ان کے بقول ‘بغیر کسی اکیڈمی یا ضروری سامان کے میں گھنٹوں ایکسرسائز کرتا تھا۔ ریکارڈ کے قریب پہنچتے ہی میں کئی بار بیمار پڑ جاتا لیکن ہمت نہیں ہاری۔’ انہوں نے بتایا کہ بہترین کارکردگی کے لیے نہ صرف سخت محنت بلکہ متوازن اور معیاری خوراک بھی ضروری ہے۔ اس سارے سفر میں ان کے گھر والوں بالخصوص ان کے بڑے بھائی نے مالی اور جذباتی تعاون فراہم کیا۔

شعیب منصوری کا کہنا ہے کہ وہ اپنے علاقے اور ملک کا نام روشن کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔ وہ اپنے گھر پر بچوں کو تربیت دینے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ بھی اپنی محنت سے عالمی سطح پر نام کما سکیں۔ تاہم وہ اس بات پر افسوس کرتے ہیں کہ ان کے علاقے میں بنیادی کھیلوں کی سہولیات اور اکیڈمی کا فقدان ہے جس کی وجہ سے وہ بچوں کو وہ تربیت نہیں دے سکتے جو انہیں ملنی چاہیے۔

شعیب کے عزائم ابھی ختم نہیں ہوئے۔ انہوں نے آنے والے چند مہینوں میں مزید منفرد اور حیرت انگیز عالمی ریکارڈز قائم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے ‘میں اپنی مدد آپ کے تحت سب کچھ کر رہا ہوں اور امید ہے کہ میرے اگلے ریکارڈز بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں کے علاقہ خلیفہ گل نواز میں نرس کے ساتھ اجتماعی زیادتی – انصاف کے منتظر!

ایڈیٹر

دی ناردرن پوسٹ پاکستان ایک ڈییجٹل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو خاص کر شمالی پاکستان کی رپورٹنگ اور تحقیقاتی سٹوریز آپ تک لانے کیلئے کوشاں ہے۔ انسانی حقوق، ماحولیات، تعلیم، سماجی مسائل پر خصوصی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ More »

متعلقہ تحریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button