لکی مروت میں مارٹر گولا پھٹنے سے 5 بچے شہید اور 12 زخمی
آج صبح لکی مروت میں چند بچوں کو کھیتوں سے ایک پرانا گولہ ملا۔ معصوم بچے اس گولے کو کھیل رہے تھے، کہ وہ اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا

آج صبح لکی مروت میں افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند بچوں کو کھیتوں سے ایک پرانا گولہ ملا۔ معصوم بچے اس گولے کو کھیل رہے تھے، کہ وہ اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر خلیفہ گل نواز ہسپتال بنوں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں بروقت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی آ ئی جی بنوں سجاد خان کے احکامات پر بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھا کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
بعد ازاں ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے زخمیوں کی عیادت کے لیے خلیفہ گل نواز ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور ہسپتال انتظامیہ سے ملاقات کر کے علاج، ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی اور اس دلخراش واقعے کے ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی آئی جی بنوں نے زخمیوں کے لواحقین سے ملاقات کر کے ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: بٹگرام میں گیس لیکج دھماکہ: 12 افراد جھلس گئے، چار کی حالت تشویشناک



