فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا بڑا چھاپہ، 3500 کلو غیر معیاری گوشت ضبط اور تلف
نومولود بچھڑوں کا گوشت برآمد، قصاب فرار؛ دکان سیل اور ایف آئی آر درج

پشاور میں قصائی کی دکان پر چھاپہ، 3 ہزار 5 سو کلو گرام سے زائد کم عمر بچھڑوں اور باسی گوشت برآمد کر کے تلف کر دیے گئے، اور ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے رات گئے پشاور کے علاقے تہکال پایاں میں بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈائریکٹر آپریشنز اختر نواز کی نگرانی میں خفیہ اطلاع پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے قصاب کی ایک دکان پر چھاپہ مارا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ٹکہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران قصائی کی دکان سے کم عمر (نومولود) بچھڑوں کا گوشت اور خراب، باسی گوشت برآمد کیا گیا۔ اس موقع پر تقریباً 3500 کلو گرام غیر معیاری اور غیر محفوظ گوشت برآمد کر کے موقع پرہی تلف کر دیا گیا۔چھاپے کے دوران قصائی موقع سے فرار ہو گیا، تاہم فوڈ سیفٹی ٹیم نے دکان کو سیل کر کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی، جب کہ مزید قانونی کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کارروائی پر فوڈ سیفٹی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: بٹگرام میں گدھے کا گوشت برآمد، ملزمان گرفتار



