ضلع مہمند میں امدادی مشن کے دوران ہیلی کاپٹر کریش میں 5 اہلکار شہید
وزیراعلیٰ گنڈاپور نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، 'قوم کے ہیرو' قرار دیے؛ متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے کے دوران حادثہ پیش آیا

ضلع مہمند کے علاقے پنڈیالی میں تباہ ہونے والے خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں ۔
ہیلی کاپٹر پر دو پائلٹس سمیت پانچ افراد سوار تھے، حادثے میں شہید ہونے والوں میں گروپ کیپٹن ریٹائرڈ آفتاب اقبال اور لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ شاہد سلطان بطور پائلٹ شامل تھے، جبکہ فلائٹ انجینئر کیپٹن ریٹائرڈ سلیم اقبال، کریو چیف حوالدار ریٹائرڈ محمد جبار اور ٹیکنیشن حوالدار ریٹائرڈ مختیار علی بھی اس افسوسناک حادثے میں شہید ہوئے۔
ہیلی کاپٹر ضلع باجوڑ میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان لے جا رہا تھا کہ راستے میں خراب موسم کے باعث پہاڑی علاقے میں کریش کر گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور انہیں قوم کے اصل ہیرو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء نے عوام کی مدد کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی اور ان کی خدمات کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ امدادی مشن کے دوران ہیلی کاپٹر کریش، 5 افراد شہید



