شاہراہ بابوسر پر سیلاب کی تباہی: 3 ہلاکتیں، 4 زخمی، 15 سے زائد سیاح لاپتہ
ریسکیو آپریشن جاری، گاڑیاں بہہ گئیں، کمیونیکیشن نظام تباہ — مقامی آبادی اور حکومت سیاحوں کو بچانے میں مصروف

شاہراہ تھک بابوسر میں کئی سیلابی تباہ کاریاں رپورٹ ہوئیں۔ سیاحوں کی 8 گاڑیاں بہہ گئیں، جن میں 3 لاشیں جبکہ 4 سیاح زخمی حالت میں ریسکیو کیے گئے۔ 15 سے زائد سیاح لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو فیض اللہ فراق کے مطابق گلگت میں 4 افراد کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا جن کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ زخمیوں کی طبی امداد جاری ہے ۔ ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 سیاحوں کی لاش نکالی جا چکی ہے۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق سیاحوں کی 8 سے زائد گاڑیاں سیلاب کی زد میں آئی ہیں اور 15 سے زائد سیاح لاپتہ ہیں۔ فائبر بریک ہونے کی بائث کمیونیکیشن کا نظام درہم برہم ہے۔ ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے ہیں، اور ان کا گھروں سے رابطہ پوری طرح منقطع ہے۔ شاہراہ بابوسر پر پھنسے سیکنڑوں سیاحوں کو حکومت نے ریسکیو کیا ہے۔ سینکڑوں سیاحوں کو مقامی ابادی نے پناہ دی ہے۔
فیض اللہ فراق نے بتایا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ شاہراہ بابوسر کئی مقامات پر بند ہے اور کئی سڑکیں، کھیت اور کھلیان تباہ ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہری پور میں شدید بارشوں سے مکان کی چھت گرگئی، ایک بچی جاں بحق



