شاہراہِ بابوسر پر پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی، صرف سیاحوں کو اجازت
ضلعی انتظامیہ دیامر کا سیاحوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے اہم فیصلہ
شاہراہِ بابوسر، کاغان اور ناران سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں سیاح پہنچ رہے ہیں۔ سیاحوں کی سہولت اور شاہراہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ دیامر نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے شاہراہِ بابوسر پر پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دیامر نظام الدین، اسسٹنٹ کمشنر چلاس علی احمد، ای ٹی او دیامر یاسر عباس، ڈی ایس پی ٹریفک چلاس ثناء اللہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں اعلان کیا گیا کہ اب صرف سیاحوں کی گاڑیوں اور دیامر کی مقامی کوسٹرز کو ہی شاہراہِ بابوسر پر سفر کی اجازت ہوگی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور بھاری ٹریفک کی وجہ سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا تھا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں ادویات کے بڑے اسکینڈل کا انکشاف، 12 افسران کے خلاف کارروائی
چلاس میں ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹن (ریٹائرڈ) عطاء الرحمن کاکڑ کی ہدایت پر مجسٹریٹ محمد امین نے بابوسر ٹاپ کا دورہ کیا اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ سیاحوں کو حفاظتی ہدایات بھی دی جا رہی ہیں۔
بابوسر ٹاپ کے قریب واقع ٹن بیڈ ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا تاکہ سیاحوں کو کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انتظامیہ نے سیاحوں کو گاڑیوں کے بریک گرم ہونے سے ہونے والے حادثات سے بچنے کے لیے وقفے وقفے سے آرام کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
مجسٹریٹ محمد امین نے واضح کیا کہ انتظامیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ کئی افراد پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



