سوات کے علاقہ مدین میں شدید بارش کے باعث چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق، خاتون زخمی
مدین میں چھت گرنے سے 3 معصوم بچے جاں بحق، مالم جبہ میں دو کمسن بھائی نالے میں بہہ گئے
سوات: مدین کے علاقے گجر بنڈ شنکو میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق، ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ ریسکیو کنٹرول روم سوات کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال کر سول اسپتال مدین منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں 11 سالہ مدینہ بی بی، 8 سالہ طفل مصطفیٰ اور 4 سالہ موسیٰ جاں بحق ہوئے۔ زخمی خاتون تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ایک اور واقعہ میں سوات کے علاقے مالم جبہ، سور ڈھیرئی میں دو کمسن بھائی برساتی نالے میں بہہ گئے۔ ریسکیو کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو کارروائی کے دوران ایک بچے افوان اللہ ولد حیات اللہ کی لاش برساتی نالے کے قریب سے برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ دوسرے بچے محسن ولد حیات اللہ جس کی عمر تقریباً 5 سے 6 ماہ بتائی جا رہی ہے، کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ مقامی افراد اور پولیس بھی ریسکیو ٹیم کے ساتھ تلاش میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سوات سیلاب میں ڈوبنے والے خاندان کے بچے کی جسد خاکی 21 دن بعد برآمد



