سرگودھا سے تعلق رکھنے والی خواجہ سرا زیبی کو ایبٹ آباد میں قتل کر دیا گیا
یہ واقعہ ضلع ایبٹ آباد کی سر سید کالونی میں شادی کی ایک تقریب کے دوران پیش آیا

پنجاب کے شہر سرگودھا کے علاقے بھیرہ سے تعلق رکھنے والی ایک مشہور خواجہ سرا زیبی کو جمعرات کی رات خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں شادی کی تقریب کے دوران گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ فائرنگ سے ایک اور خواجہ سرا زخمی ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کی سرسید کالونی میں شادی کی تقریب میں گولی لگنے سے خواجہ سرا زیبی جاں بحق ہوگیا۔ مقتولہ کا ساتھی بینش زخمی ہوگیا۔
ایبٹ آباد کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر طفیل عمر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ساتھی کے بہیمانہ قتل کے بعد خواجہ سراؤں نے نعش میرپور تھانے کے باہر رکھ کر احتجاج کیا۔
ذرائع کے مطابق سرسید کالونی گلی نمبر دو میں ملک توقیر صراف نے بھیرہ سرگودھا کی رہائشی خواجہ سرا زیبی اور ان کی ساتھی لاہور کی رہائشی بینش پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خواجہ سرا زیبی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ بینش شدید زخمی ہو گئیں۔ ایس ایچ او میرپور کیڈٹ نواز نے ملزم ملک توقیر کو گرفتار کر لیا۔
پوسٹ مارٹم کے بعد نعش خواجہ سراؤں کے حوالے کر دی گئی۔ صبح سویرے خواجہ سراؤں نے لاش لے کر میرپور تھانے کے باہر احتجاج شروع کر دیا۔ پولیس ورثاء کی بجائے زخمی لڑکی کو مدعی بنا رہی ہے جس کی ہم کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ متوفی خواجہ سرا کے حقیقی بہن بھائیوں میں سے ایک کو مدعی بنایا جائے: خواجہ سراؤں کا مطالبہ۔
یہ بھی پڑھیں: چارسدہ میں نوجوان خواجہ سرا والد کے ہاتھوں قتل
رواں سال فروری میں خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں ایک خواجہ سرا کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب وہ ایک تقریب سے واپس آ رہے تھے۔
مقتولین، جن میں شگفتہ اور ان کے ساتھی شامل تھے، نظام پور میں ایک میوزیکل پروگرام سے واپس آرہے تھے کہ خیر آباد روڈ کے قریب ان پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔



