ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا میں خالی آسامیوں پر انٹرویوز کی تاریخ کا اعلان
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے سمری منظور ہونے کے بعد ریسکیو 1122 میں فروری 2022 کو مشتہر کی جانے والی خالی آسامیوں پر انٹرویوز کا باضابطہ آغازانشااللہ 15 اکتوبر 2025 سے کیا جائے گا۔
یہ بھرتیاں ایٹا (ETEA) کے ذریعے عمل میں لائی گئی ہیں، جس کے تحت فزیکل و تحریری ٹیسٹ اور ایٹا ٹیسٹ میں پاس ہونے والے امیدواروں کی فہرست کے اجرا سمیت تمام تر مراحل ایٹا نے مکمل کیے۔
ایٹا کے تحت بھرتی کا اشتہار فروری 2022 کو شائع ہوا، جس کے بعد فزیکل ٹیسٹ مارچ تا جولائی 2022 کے دوران لیے گئے، جب کہ تحریری امتحان ستمبر تا اکتوبر 2022 میں مکمل ہوا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر بھرتی کا سارا عمل انصاف، میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کیا جائیگا اور صوبائی حکومت کی میرٹ پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ملک کی تاریخ میں پہلی بار ریسکیو 1122 کے انٹرویوز سوشل میڈیا لنک (Link) کے ذریعے لائیو نشر کیے جائیں گے تاکہ شفافیت کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
علاوہ ازیں، شفافیت کے مزید اقدامات کے طور پر احتساب کے سرکاری اداروں بشمول نیب، اینٹی کرپشن اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل جیسے سول سوسائٹی کے اداروں سمیت میڈیا کے نمائندوں کو بھی ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کی جانب سے مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ انٹرویوز کے عمل کی نگرانی کریں اور ہر مرحلہ میرٹ کے مطابق مکمل ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: دیامر سیلاب میں بہہ جانے والی گاڑیوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تیز



