خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا میں 4 اگست یوم شہداء پولیس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کی اندھیری رات کو صبح کے اُجالے میں بدلنے کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کی اندھیری رات کو صبح کے اُجالے میں بدلنے کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ جذبہ حریت ، شہادت اور شجاعت خیبر پختونخوا کے عوام اور فورسز کے خون میں صدیوں سے شامل ہے۔اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ فورس کا ہر افسر و جوان ان قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر اپنے خون کے آخری قطرے تک ملک و قوم کی خدمت جاری رکھے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پشاور میں یو م شہداء پولیس کی گیارویں سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ 4 اگست ہمارے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے جس کا مقصد ملک و قوم کے لیے لازوال قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرکے اس عزم کو دہرانا ہے کہ ہم اپنے شہداءکو کبھی نہیں بھولیں گے۔پولیس سربراہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف خیبر پختونخوا پولیس اور فورس کا ہرافسر و جوان ہمت و حوصلہ کی سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمنوں کے خلاف نبردآزما ہے۔ اس فورس کی جرات و شجاعت کا یہ ثبوت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیوں اور مشکل حالات کے باوجود پولیس فورس نے پیٹھ نہیں دکھائی اور کوئی ڈیوٹی پوائنٹ اور پولیس پوسٹ خالی نہیں چھوڑی اور دہشت گردوں کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ جرات و بہادری کی داستانوں سے بھری پڑی ہے۔آئی جی پی نے تقریب میں موجود شہداءکے ورثاءکے حوصلے اور عزم و ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی ہمارے عظیم بہن، بھائی اور بچے ہیں جن کی پیاروں کی قربانیوں نے پوری قوم کو دوام بخشا۔شہداءکے لواحقین اور ورثاءخود کو تنہا نہ سمجھیں آپ کے پیاروں نے اپنی خون سے محکمہ پولیس کے وقار کو جلا بخشی۔ آپ کا ہر دُکھ پولیس کا دُکھ ہے اور ہم آپ کے ہر دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ تمام فورس آپ کے لیے حاضر ہے ہمارے دروازے آپ کے لیے ہر وقت کھلے رہیں گے اور آج جن ایپس کا افتتاح کیا گیا ہے ان کا مقصد بھی پولیس شہداءکے مسائل کو فوری اور بروقت حل کرنا ہے۔ آئی جی پی نے دہشت گردوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر لڑنے پر پولیس غازیوں کی جرات و بہادری کو بھی سلام پیش کیا اور انہیں فورس کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ آئی جی پی نے صوبائی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیاجو مالی مسائل کے باوجود خیبر پختونخوا پولیس کی آپریشنل ضروریات کو بڑی حد تک پورا کرنے اور دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے اسلحہ اور جدید گاڑیوں سمیت دور حاضر کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کو جدت فراہم کرنے کی بھر پور کوشش کررہی ہے۔پولیس شہداءپیکج بڑھا کر 11 ملین روپے اور پولیس شہداءکی بھرتی کا کوٹہ 5فیصدبڑھا کر 12.5فیصد کر دیا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام ادارے ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کا ہر افسر و جوان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑے گا۔

شانگلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او شانگلہ شاہ حسن ہر دور کے اپنے ہیرو ہوتے ہیں اور زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں نے وطن عزیز کے تحفظ اور قیام امن کے لیے مثالی قربانیاں دی ہیں۔ ہم نے یوم شہداء کو ایک ایسی روشن روایت کے طور پر اپنایا ہے، جو نہ صرف شہداء کے لواحقین کو احساسِ تفاخر دے گی بلکہ پولیس فورس کے جوانوں کے حوصلے بھی بلند کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔

یومِ شہداء کے موقع پر ضلعی پولیس سربراہ بٹگرام محمد ایاز کی پولیس لائنز میں شہداء کے بچوں اور لواحقین سے ملاقات کی ـ ڈی پی او نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری پہچان ہیں ۔ خیبرپختونخوا پولیس ایک خاندان کی مانند ہے ، شہداء کے لواحقین کبھی خود کو تنہا نہ سمجھیں ۔ محکمہ پولیس ان کے ساتھ ہے۔

ایس پی انوسٹی گیشن کوہستان لوئر، ایس ایس پی طاہر الرحمان اور دیگر مقررین نے یومِ شہدائے پولیس کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرزمین شہداء کی قربانیوں سے مہک رہی ہے۔ پولیس کے ان بہادر جوانوں نے ملک و قوم کے تحفظ، امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہمیں اپنے ان ہیروز پر فخر ہے۔ شہید کبھی مرتا نہیں، بلکہ وہ قوم کی زندگی بن جاتا ہے۔

ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کہا کہ پولیس فورس کی تاریخ لازوال قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس افسران اور جوانوں نے فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور ایسی تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: گورنمنٹ سینٹیل ماڈل سکول بٹگرام میں یومِ تشکر کا جوش و جذبے سے انعقاد

ایڈیٹر

دی ناردرن پوسٹ پاکستان ایک ڈییجٹل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو خاص کر شمالی پاکستان کی رپورٹنگ اور تحقیقاتی سٹوریز آپ تک لانے کیلئے کوشاں ہے۔ انسانی حقوق، ماحولیات، تعلیم، سماجی مسائل پر خصوصی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ More »

متعلقہ تحریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button