اہم خبریںموسم کی خبریںموسمیاتی تغیرات

خیبر پختونخوا بارشوں، سیلاب کے باعث وفات ہونیوالوں کی تعداد میں مزید اضافہ

پروینشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک 341 افراد جاں بحق اور 178 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 292 مرد، 28 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 144 مرد، 24 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں کی وجہ سے 420 گھر شدید متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 281 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے اور 139 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔

ضلعی سطح پر سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں ہوا جہاں اب تک 222 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ضلع صوابی میں بھی 11 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے ہیں۔

اس المناک صورتحال کا سامنا صوبے کے دیگر اضلاع جیسے سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لویر، بٹگرام اور صوابی میں بھی ہوا ہے۔ اس دوران متعدد حادثات کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں جن میں مکانات کی تباہی اور زمین کے پھسلنے سمیت دیگر قدرتی آفات شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے 17 سے 19 اگست کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور موجودہ بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ حکام نے عوام کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کو 89 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان فراہم کیا ہے۔ اس امدادی سامان میں ٹنٹس، میٹریسس، بسترے، کچن سیٹس، ترپال، چٹائیاں، مچھر دانیاں، جنریٹرز اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں تاکہ متاثرین کی فوری مدد کی جا سکے۔

مزید برآں، صوبائی حکومت کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے نے امدادی فنڈ کے طور پر متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو مجموعی طور پر 800 ملین روپے جاری کیے ہیں، جن میں سب سے زیادہ رقم 500 ملین روپے بونیر کی انتظامیہ کو دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کی بہتر معاونت کر سکیں۔

ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیاں تیز کریں اور ہر ممکن فوراً متاثرین کو امداد فراہم کریں تاکہ انسانی جانوں کے نقصان کو کم کیا جا سکے اور متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں کمی آئے۔ پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں مسلسل مصروف ہیں تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے اور ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیلابی علاقوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام یا ایمرجنسی نمبر 1700 پر دیں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ سیلاب سے ہلاکتیں 300 سے تجاوز کر گئیں

ایڈیٹر

دی ناردرن پوسٹ پاکستان ایک ڈییجٹل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو خاص کر شمالی پاکستان کی رپورٹنگ اور تحقیقاتی سٹوریز آپ تک لانے کیلئے کوشاں ہے۔ انسانی حقوق، ماحولیات، تعلیم، سماجی مسائل پر خصوصی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ More »

متعلقہ تحریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button