تورغر میں ڈمپر سے سمگل ہونے والی 750 مکعب فٹ دیودار کی لکڑیاں برآمد، ملزم گرفتار
معاون خصوصی پیر مصور خان کی ہدایات پر غیرقانونی لکڑی کی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی، ملزم ڈرائیور گرفتار
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ جنگلات کی جانب سے لکڑیوں کی غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں تورغر فارسٹ ڈویژن کے عملے نے گزشتہ شب جدبا مرکزی شاہراہ پر دوڑ میرہ کے قریب ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لکڑیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران ایک ڈمپر سے 750 مکعب فٹ دیودار کی قیمتی لکڑیاں برآمد کی گئیں، متعلقہ قانونی دستاویزات پیش نہ کرنے پر ملزم ڈرائیور کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، جبکہ برآمد شدہ لکڑیاں اور ٹرک کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ معاون خصوصی پیر مصور خان نے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ لکڑیوں کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے اور تمام فارسٹ چیک پوسٹوں کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کسٹم کے کلرک کو اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر برطرف



